مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس

لاہور(بولونیوز)سپریم کورٹ نے سابق صدرپرویزمشرف کی عدم حاضری پرکاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف واپس نہیں آ رہے، وہ آنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ حالات اور چھٹیوں کی وجہ سے نہیں آرہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ محمد امجد نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق صدر آج کسی بھی وقت پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پرویز مشرف کی واپسی کی فلائٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، وہ کسی بھی وقت ڈائریکٹ یا ان ڈیریکٹ فلائٹ سے پاکستان لینڈ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پارٹی کارکنان کا جوش و جذبہ عروج پر ہے، پرویز مشرف کو وطن واپسی کا موقع فراہم کرنے پر اے پی ایم ایل چیف جسٹس کی شکر گزار ہے۔