ٹاپ بیوروکریسی میں ردوبدل،چیف سیکرٹریز، آئی جیزتبدیل

اسلام آباد(بولونیوز) نگران وزیرِاعظم ناصرالملک کے زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بڑے بڑے فیصلے، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو بدل دیا گیا، نئے چہرے تعینات ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے آنے کے بعد ٹاپ بیورو کریسی کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے وفاقی کابینہ نے مختلف تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیرِاعظم ناصرالملک کے زیرِ صدارت اجلاس میں ٹاپ بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریزاورآئی جیز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اکبر درانی پنجاب اور اعظم سلیمان سندھ کے چیف سیکرٹری تعینات ہو گئے۔ نوید کامران کو خیبر پختونخوا اور اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔یادرہے کہ چاروں صوبوں میں پولیس کے سربراہان کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کلیم امام کو پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کر دیا گیا۔ محمد طاہر خیبر پختونخوا اور محسن حسن بٹ بلوچستان کے آئی جیز ہوں گے۔