عباسی شہید اسپتال،ایمرجنسی وارڈ کوسہولیات سے آراستہ کررہے ہیں،وسیم اختر

کراچی(بولونیوز)بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو ہم نے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا ہے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کوجدید ترین سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں، ایمرجنسی وارڈ کے 13 بیڈز پر مشتمل فیزI کا آج افتتاح ہوگیا ہے پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر کراچی کے عوام کی طرف سے ملک ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان نے نوٹس لے لیا ہے جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم ختم ہوچکی وہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں کوشش ہوگی کہ متحد ہو کر الیکشن میں جائیں، یہ بات انہوں نے پیر کی صبح عباسی شہید اسپتال کے نو تزئین شدہ ایمرجنسی ٹراما سینٹر ، فیزI کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹرز کو احساس ہی نہیں تھا کہ اسپتال کی ضروریات کے لئے ٹینڈر کیا جائے، یہ کاروبار نہیں یہاں مفت میں علاج ہوتا ہے ، ہمارے 6 ارب روپے حکومت رکھ لیتی ہے وہ ہمیں مل جائیں تو شہریوں کے لئے طبی سہولیات کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں،اس موقع پربحریہ ٹائون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملک عبدالحفیظ، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکرعلی، چیئرپرسن معالجات کمیٹی ناہید فاطمہ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل ، ایم ایس عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت اوردیگر افسران بھی موجود تھے، بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے اس موقع پر ٹیلیفون لائن پر اپنے خطاب میں میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے بڑھ کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا ، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو اسٹیٹ آف آرٹ بنایا ہے، اسپتال کی تزئین و آرائش ہمارے حوالے کی تو اور بھی بہتر اقدامات کریں گے،بحریہ ٹائون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملک عبدالحفیظ نے کہا کہ کراچی کے تیسرے بڑے اسپتال عباسی شہید اسپتال کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے دو ماہ قبل اس کی بحالی کے کام کا آغاز ایمرجنسی وارڈ کے ایک حصہ سے کیا گیا جو 13 بستروں پر مشتمل ہے یہ کام دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرکے ایمرجنسی وارڈ اسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے-