مریم نوازکےاین اے125سےکاغذات نامزدگی پرفیصلہ محفوظ

لاہور(بولونیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے این اے ایک سو پچیس سے کاغذات نامزدگی پر لگائے گئے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے،جسے اٹھارہ جون کو سنایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق لاہورسیشن کورٹ، ایوان عدل اورالیکشن کمیشن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج دوسرے روز بھی جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز پی پی 173 اور این اے 125 پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ایوان عدل پہنچیں جہاں کارکنوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ایوان عدل روانگی سے قبل مریم نواز کی جانب سے چار بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں مریم نواز این اے 125 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے سیشن کورٹ میں ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش ہوئیں،ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ پانی کو محفوظ اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا کریں گے، جس کے جواب میں مریم نواز نے کہا ڈیم بنائیں گے، پانچ سال سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشش کر رہے ہیں، ہم نے سیکیورٹی کو بہتر کیا، بعد ازاں این اے 125 سے ڈاکٹر یاسمین راشد سکروٹنی کیلئے سیشن کورٹ پیش ہوئیں۔