تحریک انصاف کی پانچ سالہ کارکردگی،شہبازشریف کے 26 سوالنامے جاری

لاہور(بولونیوز) کہاں ہیں وہ 350 ڈیمز،250کالجز،ایک ہزاراسٹیڈیمزاورپورے پاکستان کی بجلی،صدرمسلم لیگ (ن)شہبازشریف نے تحریک انصاف کی پانچ سالہ کارکردگی پر26 سوالات پرمشتمل سوالنامہ جاری کردیا۔تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد سے متعلق پوچھا گیا ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ کیا تحریک انصاف بتائے گی کہ کہاں ہیں وہ 350 ڈیم ،جن کی خان صاحب باتیں کرتے تھے،کہاں ہیں وہ مساجد کے اماموں کی تنخواہیں،کہاں ہیں وہ مساجد میں سولرسسٹمز،کیا وہ 250 کالج بن گئے،کہاں ہیں وہ ایک ہزاراسٹیڈیم،پورے پاکستان کو بجلی فراہم کرنے والے منصوبوں کا کیا ہوا،کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ کے پی کے میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی اور گورنرہاؤس میں بننے والی پبلک لائبریری کوکون سے راستے جاتے ہیں،کیا کے پی میں 90 دن میں کرپشن ختم ہو گئی ۔کیا آپ بتائیں گے کہ آپ نے تو پشاور کو پیرس بنانے کا اعلان کیا تھا اور آج آپ کے پانچ سالہ دور میں پشاور دنیا کا دوسراگندا ترین شہر بن گیا۔ آپ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کے ٹرین منصوبے کا کیا ہوا،کہاں ہیں وہ آپ کے خیبر پختونخوا کو 100 سال تک فائد ہ دینے والے پروجیکٹس-ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ کیا آپ بتائیں گے کہ غیر ممالک سے نوکریوں کے لیے آنے والے غیر ملکی کس پردے میں چھپے ہوئے ہیں،ذرا قوم کو بتائیں کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کا حال کیا ہے،کیا آپ بتائیں گے کہ خیبر پختونخوا میں اقربا پروری ختم ہوگئی،کیا خیبر پختونخوا میں میرٹ کی دھجیاں اُڑنا بند ہو گئیں یا بڑھ گئیں،کیا افغانستان سے پاکستان میں آنے والی ہیروئن اور چرس سمیت تمام نشہ آوراشیا کی اسمگلنگ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس نے روک لی،کیا تحریک انصاف کے اعلان کے مطابق تحریکِ انصاف میں کرپٹ اور الیکٹ ایبلز کے بجائے پرانے اور مخلص کارکنوں کو ایم این اے اور ایم پی اے کی ٹکٹوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے عہدے دے دیئے گئے ہیں ،کیاعمران نے سرکاری وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کا اپنی ذاتی استعمال سے پرہیزکیا،نیازی صاحب اپنے کتے کوبھی ’ٹائیگر‘ کہتے ہیں اورکارکنوں کو بھی ’ٹائیگرز‘ کہتے ہیں۔ کیا عمران نے جھوٹ کے بجائے قوم سے سچ بولا اور یُوٹرن لینا بند کر دئیے،اگرعمران آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں تو پھر وہ عدالت سے ساڑھے تین سال تک مفرور اشتہاری کیوں رہے ؟ عمران نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیا، غیرحاضر رہے،پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے رہے،پھر پارلیمنٹ سے تنخواہ کیوں لیتے رہے-