عیدالفطر،حکومت کا قیدیوں کیلئے 3 ماہ کی معافی کا اعلان

اسلام آباد(بولونیوز) حکومت نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پرجیلوں میں قید، قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے،صدرمملکت نے1973 کے آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت حاصل اختیارات کوبروئے کارلاتے ہوئے وزیراعظم کے مشورے پرعیدالفطر کے موقع پر قید یوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عمرقید کے قیدیوں ماسوا ئے قتل،تخریب کاری،ریاست مخالف سرگرمیوں، فرقہ واریت، زنا، ڈکیتی، رہزنی ،اغواء اوردہشت گردی کے جرائم کے قیدیوں کو تین ماہ کی خصوصی معافی دی گئی ہے۔ اسی طرح سزائے موت،قتل،تخریب کاری،ریاست مخالف سرگرمیوں،فرقہ واریت، زنا، ڈکیتی، رہزنی، اغوا ، اور دہشت گردی کے جرائم میں ملوث قیدیوں کے علاوہ باقی قیدیوں کیلئے 45 دن کی خصوصی معافی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قید کا دوتہائی حصہ جیل میں گزارنے والے قیدیوں کو بھی معافی میں شامل کیا جائیگا۔ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد اور اپنی قید کا ایک تہائی جیل میں گزارنے والی 60 سال کی خواتین قیدیوں کو مکمل معافی دی گئی ہے، وہ قیدی خواتین جن کے پاس بچے ہیں مگر وہ قتل یا دہشت گردی کے واقعات میں ملوث نہ ہوں کوایک سال کی خصوصی معافی دی گئی ہے۔ اپنی قید کا ایک تہائی جیل میں گزارنے والے 18 سال سے کم عمر قیدیوں کو بھی مکمل معافی دی گئی ہے۔