بھارت ایران کے خلاف صرف اقوام متحدہ کی پابندیوں پر عمل کرے گا، سشما سوراج

نئی دہلی (فارن ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ بھارت ایران کے خلاف امریکہ یا کسی اور ملک کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں پر نہیں صرف اقوام متحدہ کی پابندیوں پر عمل کرے گا۔ نئی دہلی کی پوزیشن آزادانہ ہے اور وہ کسی ملک کا اس حوالے سے تابع نہیں ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نئی دہلی میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، علاقائی مسائل اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران کے وزیر خارجہ اتوار کو ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے پیر کو ہندوستانی وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی۔اس سے قبل جواد ظریف نے نئی دہلی ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران و بھارت کے روابط ماضی کی طرح فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مختلف شعبوں خاص طور پر توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے بھارت کو ایران کا مضبوط سیاسی اور اقتصادی پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام کے ساتھ باہمی تعلقات کی توسیع اور خطے میں مشترکہ تعاون کا سلسلہ جاری ہے ۔واضح رہے کہ امریکہ نے رواں ماہ ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تہران کے خلاف سخت ترین پابندیاں نافذ کرنے کی دھمکی دی ہے جبکہ بھارت امریکہ کا اہم اتحادی شمار کیا جاتا ہے ۔