پہلا روزہ بھی کے الیکٹرک کی اوقات بدلنے میں‌ ناکام رہا، لوڈ شیڈنگ کی روش برقرار

کراچی(بولونیوز) رمضان المبارک کے پہلے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔تفصیلات کے مطابق کورنگی اورلانڈھی کے مختلف علاقوں، گلشن اقبال، گارڈن، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں بجلی معطل رہی۔واضح رہے کہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ ایک یونٹ پر کام کے باعث کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے، لہذا مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ نہ کہا جائے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق کراچی میں رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کے سبب 8 دن تک پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔یاد رہے کہ پہلے روزے کو دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں راولپنڈی، لاہور گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپوراورساہیوال میں بارش کی پیشگوئی کی گئی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شہروں کوئٹہ اورژوب سمیت خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں بھی بارش کا امکان ظاہرکیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔