کویت،شعلہ بیاں نوجوان شاعرکے اعزازمیں شام شاعری کا انعقاد

کویت(بولونیوز)میں مقیم شعلہ بیاں نوجوان شاعر سید صداقت علی ترمذی کے اعزاز میں شامِ شاعری کا انعقاد،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کویت کے ایک مقامی ہوٹل میں بین الاقوامی شہرت کے حامل شاعر خالد سجاد احمد کی میزبانی میں کویت میں مقیم شعلہ بیاں نوجوان شاعر اور پاکستان تحریک انصاف کویت کے جنرل سیکرٹری سید صداقت علی ترمذی کے اعزاز میں شامِ شاعری کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں نظامت کے فرائض خالد سجاد احمد نے سر انجام دیے۔جبکہ تقریب کی صدارت کے پی ایف اے کے صدر رانا اعجاز سہیل ایڈووکیٹ نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کویت کے صدر اخلاق احمد ملک اور پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت پیر امجد حسین تھے۔ تقریب میں شعراء کرام کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی مذہبی، سیاسی،ادبی،اور کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نامور کالم نگار محمد فیصل نے سید صداقت علی کی شاعری پر مقالہ کی صورت میں سیر حاصل گفتگو کی، جسے حاضرین محفل نے بہت سراہا۔محمد فیصل نے کہا کہ سید صداقت علی کی شاعری میں وطن سے محبت، حقیقی عشق، حق پر ڈٹ جانا، اور فقط سچ نہیں بلکہ لامحدود سچ بولنے کی عکاسی کرتی ہے۔صداقت آج کے دور میں اپنے موجود ہونے کا احساس وقتا فوقتا اپنی شاعری کے ذریعے کرواتے رہتے ہیں۔ صاحبِ صدر، مہمانانِ خصوصی نے سید صداقت علی ترمذی کی شخصیت اور شاعری کو سراہا اور مستقبل میں ادبی برادری میں ایک اچھا اضافہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ آخر میں سید صداقت علی ترمذی نے خالد سجاد احمد، شعرا کرام، میڈیا نمائندگان اور حاضرین محفل کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالد سجاد احمد کی ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب میں مہمانوں کے لئے پُر تکلف عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا۔ واضح رہے کہ شعراء کرام میں فیصل جمیل، شہزاد سلطان کیف، ابراہیم سنگے راجہ، کمال انصاری، ذوالفقار ذکی، صابر عمر، کاشف کمال، عماد بخاری، سعید نظر کڑپوی، سید صداقت علی، اور خالد سجاد احمد کے نام شامل ہیں۔