ن لیگ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،نوازشریف کے بیان پرتحفظات

اسلام آباد(بولونیوز) نون لیگ پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، نون لیگ کے بعض ارکان نے نواز شریف کے متنازعہ بیان پرتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محاذ آرائی سے اجتناب کرتے ہوئے الیکشن لڑنا اورجیتنا چاہیئے۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق، بعض ارکان نے شہباز شریف سے تمام صورتحال میں مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا پارٹی کو ہماری آواز سننا ہوگی، جس نے متنازعہ صحافی کو نواز شریف سے ملایا وہ غدار ہے، جو بیانیہ شہبازشریف کا ہے وہی نوازشریف کا ہونا چاہیے۔ بعض لیگی اراکین نے شہبازشریف سے درخواست کی کہ آپ نوازشریف کو پرانے ساتھیوں سے مشاورت کا مشورہ دیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ارکان نے شہبازشریف کے سامنے اپنی مشکلات کا ذکر کیا اورموقف اختیار کیا کہ نواز شریف کے بیان کے بعد ماحول کافی ناسازگار ہو گیا ہے، الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، رہنمائی فرمائیں ایسے حالات میں ہم کیا کریں۔ لیگی ارکان کا کہنا تھا شہباز شریف کو پہلے ہی پارٹی صدر بنا دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چودھری نثار کو واپس لائے جائے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا نجی اخبارکوانٹرویودیتے ہوئے کہنا تھا ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک غیرریاستی عناصرکے اہلکارملوث تھے۔ انہوں نے کہا ممبئی حملوں کے پیچھے پاکستان میں متحرک کالعدم تنظیموں کا ہاتھ تھا۔یاد رہے کہ نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ کیا ہمیں غیرریاستی عناصرکوسرحد پارکرکے ممبئی میں 150 افراد کو قتل کرنے کی اجازت دینی چاہیے تھی اس بات کی بھی وضاحت ہونی چاہیے کہ ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کیوں مکمل نہیں ہو رہی۔