بریک ڈاؤن کی تحقیقات،چند گھنٹوں میں صورتحال بہترہوجائیگی

اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا تھا، چند گھنٹوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی، بریک ڈاؤن پر شام تک انکوائری مکمل ہو جائے گی۔تفصیلات کے مطابق اویس لغاری نے کہا بجلی کے بریک ڈاؤن کا واقعہ پہلے بھی رونما ہو چکا ہے، بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا وزارت کی جانب سے بجلی بحران سے متعلق ترجمان نے بیان دے دیا ہے، بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق تفصیلات لے رہا ہوں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تربیلا، مظفرگڑھ اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، بجلی کی مجموعی پیداوار 12 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گئی۔ گذشتہ ایک گھنٹے سے پورے پارلیمنٹ ہاوس کی بجلی بھی بند ہے جبکہ پارلیمنٹ کے کچھ فلورز کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔