آرٹس کونسل آف پاکستان،عوامی تھیٹرفیسٹول کی کامیابی پراظہارمسرت

کراچی (بولونیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی کامیابی پراظہار مسرت کرتے ہوئے دوسرے عوامی تھیٹر فیسٹیول کا اعلا ن کردیا۔انہوں نے کہا کہ پہلا عوامی تھیٹر فیسٹیول میری توقعات سے کہیں زیاد ہ کامیاب رہا اور فیسٹیول کے شرکاءکی محنت اور کاوشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ دوسرے عوامی تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے عوامی تھیٹر فیسٹیول میں تھیٹر کی ٹیموں کو 50ہزار روپے کے بجائے 1لاکھ روپے کی خطیر رقم دی جائیگی جس کی بدولت تھیٹر کی پروڈکشن میں مزید بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے گزشتہ روز منعقد کی جانے والی عوامی تھیٹر فیسٹیول کی تقسیم ایوارڈ و اسناد کی تقریب میں کیا جس میں انہوں نے پہلے عوامی تھیٹر فیسٹیول کے تمام ہدایتکاروں ، فنکاروں اور پس پردہ پروڈکشن ٹیم کی انتظامیہ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام شرکاءنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امید ہے کہ اگلے فیسٹیول میں اس سے زیادہ بہتر کام دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں انفرادیت سے زیادہ اجتماعیت پر زور دینا چاہیے اور مل کر فن و ادب کی ترقی کے لیے گامزن ہونا چاہیے۔ بعد ازاں احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کے تمام ہدایتکاروں کو یادگاری شیلڈزسے نوازا اور ان کی خدمات کو سراہا جبکہ تھیٹر کے تمام شرکاءمیں اسناد تقسیم کی گئیں۔ جن ہدایتکاروں میں شیلڈ ز تقسیم کی گئیں ان میں رﺅف لالہ ،روفی انعم ،جبکہ شاہ نواز بھٹی کا معاون ہدایت کار فاطمہ رند، محمد علی نقوی، محمد نذرحسین ، ظہور ملک، خان محمد صادق، جمیل راہی، مجیب قریشی، سید مخدوم ریاض، حمید راٹھور، اے ڈی بلوچ،عابد نوید،آدم راٹھورکو بھی شیلڈز سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد 16تا 28 اپریل کیا گیا تھا جس میں اُردو، پنجابی،سندھی، بلوچی، پشتو اور سرائیکی زبان میں سنجیدہ اور مزاحیہ ڈرامے پیش کئے گئے جن کو عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی-