فائر فائٹر ہمارے ہیرو ہیں، فائر فائٹر ڈے پر وسیم اختر کا خراج تحسین

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا- فائر فائٹرز آگ لگنے کی صورت میں اپنی جان پر کھیل کر انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ کرتے ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ فائر فائٹرز کے عالمی دن منانے کا مقصد اپنی جان کا نذرانہ دے کر دوسروں کی جان و مال بچانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ فائر فائٹرز ہمارے لئے ہیروز کا درجہ رکھتے ہیں ، جدید سہولیات نہ ہونے کے باوجود فائر فائٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ فائر فائٹرز کو ضروری مشینری اور جدید ساز و سامان فراہم کرنے کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ فائر بریگیڈ کے لئے اسکیمیں بنائی گئیں ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں آبادی کے تناسب سے فائر اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا- وفاقی اور سندھ حکومت فائربریگیڈ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے فنڈز فراہم کرے۔