خلائی مخلوق سے متعلق بیان آئین کی خلاف ورزی ہے،ترجمان

اسلام آباد(بولونیوز) ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کرانا کسی خلائی مخلوق کی نہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم کا بیان آئین اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے عام انتخابات سے متعلق بیان پر الیکشن کمیشن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروا رہی، اس کی تر دید کرتے ہیں، الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کیلئے مکمل تیار ہے، آئین و قانون کے تحت الیکشن کمیشن ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ایسا بیان آئین کے منافی ہے، اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں، ایسے بیانات آئین کے منافی اور آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔