سندھ، اہم شخصیات کیخلاف کرپشن کے متعدد کیسز بند،نیب

اسلام آباد(بولونیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ میں کرپشن کے متعدد کیسز بند کردیے، نیب ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر کوآپریٹیو اکرام دھاریجو اور وزیر ایکسائز گیان چند اسرانی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات اور مقدمہ ختم کردیا گیا۔نیب ذرائع کے مطابق مکیش کمار چاؤلہ کے خلاف کیمروں کی خریداری میں کرپشن کا کیس بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار کے خلاف اثاثہ جات بنانے کا کیس بھی فائلوں کی نذر ہوگیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے خلاف نیب کی تحقیقات بھی مکمل نہیں ہوسکی ہیں جبکہ میر منور تالپور اور اویس مظفر کے خلاف آمدن سے زائد جائیداد اور ناجائز اثاثہ جات کے کیسز بھی بند کردیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ سابق وزیر تعلیم پیر مظہرالحق کے خلاف بھی 13 ہزار غیر قانونی بھرتیوں کا کیس بند کردیا گیا ہے، پیرمظہر پر 5 ارب روپے کی کرپشن کا بھی الزام تھا۔واضح رہے کہ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر پر 30 ارب کی کرپشن کا الزام تھا تاہم منظور قادر کے خلاف نیب ایک بھی ریفرنس دائر نہ کرسکا۔