نوازشریف نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، آصف زرداری

لاہور(بولونیوز)سابق صدراورپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی نریندر مودی کا دوست بننا چاہتا ہے لیکن پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔واضح رہے کہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے جب کہ ہمارے دور میں پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق صدرنے چیئرمین تحریک انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی منشورنہیں ہے، جو کام میں 5 سال پہلے کرتا ہوں ان کو وہ پانچ سال بعد یاد آتا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو فاٹا کے انضمام کے لیے عدالت میں گئی تھیں کیونکہ فاٹا کے عوام بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ ہیں۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے کاشتکاروں کے لیے نئی پالیسی بنائی ہے جس کے تحت کسانوں کو یوریا کی بوری 500 روپے میں ملے گی۔