آرمی چیف سے اماراتی سفیراورترک چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات

راولپنڈی(بولونیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم اورترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، سماجی اور دفاعی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اماراتی سفیرحماد عبید ابراہیم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور باہمی معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں سماجی ترقی کے منصوبے شروع کرے گا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہولوسی اقر نے بھی ملاقات کی۔ جنرل ہولوسی نے دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر ترک چیف آف جنرل سٹاف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔