آزادی صحافت انسانی حق اورآزادیوں کی کسوٹی ہے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں‌ کہا ہے کہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کومنانے کا مقصد آزادی صحافت کی اہمیت، افادیت اور صحافتی ذمہ داریوں کو اجاگر کرنا ہے ۔ آزادی اظہار رائے، مثبت اور بامقصدصحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی اساس ہوتی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ آزادی صحافت ایک بنیادی انسانی حق ہونے کے ساتھ تمام آزادیوں کی کسوٹی بھی ہے۔ صحافت رائے عامہ کی تشکیل اور قومی شعوراجاگر کرنے کیلئے انتہائی اہم ذریعہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں‌ مزید کہا کہ آزاد صحافت کا جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی پاسداری میں اہم کرادار ہے۔ ذمہ دارانہ صحافت ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ آزادی صحافت پر قفل لگانے کا مطلب انسانی ذہن کی آزاد سوچ کے کھلے دریچوں کو بند کرنا ہے ۔ صحافت کی موجودہ آزادی کسی کی دی ہوئی نہیں بلکہ صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی اور صحافی برادری کو ہر قسم کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت صحافی برادری کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ امور کیلئے محفوظ ماحول حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اظہاررائے کی آزادی کوجمہوریت کالازمی حصہ سمجھتی ہے۔ حکومت اظہاررائے کی آزادی کی افادیت اور ضرورت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدار رہتے ہوئے لوگوں کی درست سمت میں رہنمائی کرے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اظہاررائے کی آزادی اور میڈیا کو پیشہ ورانہ امور سرانجام دینے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔