جابر حکمراں کے آگے کلمہ حق کہنا جہاد ہے، گورنرسندھ

کراچی ( ایچ اراین ڈبلیو) صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ظالم و جابر حکمراں کے آگے کلمہ حق کہنا جہاد ہے اور یہ جہاد صحافی برادری نے ہر دور میں کیا ۔ گورنرسندھ نے اپنے پیغام میں مزید کہا نا انصافیوں ، ظلم و ستم اور اختیارات کے غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف صحافی آہنی دیوار ہیں ۔ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔ صحافت کی آبیاری کے بغیر جمہوری ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکتے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے قیام و تسلسل میں صحافت کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ بحالی جمہوریت تحریک میں صحافیوں نے گراں قدر خدمات اور لازوال قربانیاں دیں ۔ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے ۔ گورنرسندھ نے یقین دلایا کہ حکومت صحافیوں کی کفالت ، مدد اور تعاون جاری رکھے گی جمہور ی دور میں ہی صحافیوں کومعلومات تک رسائی کا حق حاصل ہوا۔ حکومت صحافیوں کے تعاون سے فلاحی معاشرہ کی تشکیل یقینی بنا رہی ہے ۔