طلباء کورقم واپس نہ کی گئی تومالکان کو بلا لیں گے

اسلام آباد(بولونیوز) سپریم کورٹ میں نجی میڈیکل کالجزسے اضافی فیس واپسی کے معاملے پرچیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے طلباء کو رقم واپس نہ کی گئی تو مالکان کو بلا لیں گے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نجی میڈیکل کالجزاضافی فیس وصولی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے بتایا کہ بلوچستان میں کوئی نجی میڈیکل کالج نہیں ہے، بلکہ سرکاری میڈیکل کالج ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نجی میڈیکل کالجزکواسٹوڈنٹس سے لی گئی اضافی فیس واپس کرنے کا حکم دیا تھا، عملدرآمد نہ ہونے پرکالجزکے مالکان کوبلا لیں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نجی میڈیکل کالجزکے وکیل علی ظفرنے بتایا کہ فاطمہ میڈیکل کالج نے اضافی فیس واپس کردی ہے،انہوں نے استدعا کی عدالت سخت ا حکا مات نہ جاری نہ کرے،میری اطلاع کے مطابق تمام بقایہ جات کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں،درخواست ہے ایسی تحقیقات کروائی جائیں جس سے وقت ضائع نہ ہو۔یاد رہے کہ چیف جسٹس نے کہا کہ 8 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد لی گئی فیس کی واپسی کے بارے میں دیکھ لیتے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک نجی میڈیکل کالج نے 25 کروڑ روپے اضافی فیس واپس کی، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عثمان کی سربراہی میں کمیشن مقرر کر رہے ہیں، کمیشن انکوائری کر کے اضافی فیس پر رپورٹ دے گا، کمیشن اضافی فیس سے متعلق ایک ماہ میں انکوائری کر کے رپورٹ دے۔