گلشن اقبال کے پارک میں ورزش کرنے پرپابندی عائد

کراچی(بولونیوز)ایک پارک میں یوگا اوردیگراقسام کی ورزش پر پابندی عائد کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق یہ پابندی شہرقائد کے علاقے گلشن اقبال کے ناصرحسین پارک میں پارک انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ علاقہ مکینوں کے مطابق وہ ناصرحسین پارک میں یوگا اور دیگر کسی قسم کی ورزش نہیں کرسکیں گے، انہیں صرف جاگنگ اور واک کرنے کی اجازت ہوگی۔اس ضمن میں مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں ورزش پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے، صبح سویرے باپردہ خواتین بھی پارک آکر یہاں ورزش کرتی تھیں تاہم اب پابندی عائد کردی گئی ہے۔دوسری جانب چیئرمین ضلع شرقی نے کہا کہ پارک میں ورزش پر پابندی پارک کی کمیٹی نے لگائی ہے، ضلعی انتظامیہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ یوسیز پارکس کمیٹیاں بناتی ہیں، جنہیں پابندیاں عائد کرنے کا بھی اختیار ہوتا ہے۔