کے الیکٹرک،نجکاری کے بعد قانون سے بالاترہوگیا ہے

کراچی(بولونیوز) سندھ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے ہیں کہ نجکاری کے بعد کے الیکٹرک قانون سے بالاتر ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کی سماعت ہوئی جس میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کے الیکٹرک کی بکھری تاروں کا معاملہ زیر غور آیا۔ چیف ڈسٹری بیوشن افسر کے الیکٹرک نے کمیشن کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ شارع فیصل اور دیگر مقامات سے کیبلز ہٹا دی ہیں، جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے کہا کہ کے الیکٹرک نجکاری کے بعد قانون سے بالاتر ہوگیا ہے، جب سے یہ ادارہ پرائیوٹائز ہوا ہے لگتا ہے ملک میں کوئی قانون ہی نہیں، کھمبوں کا حال دیکھا ہے تاروں کی بھرمار ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف ڈسٹریبیوشن افسر کے الیکٹرک نے کہا کہ زیادہ تاریں ٹی وی کی کیبلز ہیں، 5 ہزار ٹرانسفارمز کو انسولیٹڈ کیبلز پر منتقل کردیا ہے، گنجان آباد علاقوں میں مسائل زیادہ ہیں،مزید 3 سے4 سال میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا، کمیشن نے استفسارکیا کہ نالوں پرموجود کیبلزکب ہٹائیں گے۔ چیف ڈسٹریبیوشن افسرنے کہا کہ کچھ مشکلات ہیں کوشش کررہے ہیں جلد ہوجائے۔یاد رہے کہ دوران سماعت واٹر کمیشن نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو صفائی اور کچرا اٹھانے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دی۔ کمیشن نے نالوں پر قائم تجاوزات بھی فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا۔ کمیشن نے ہدایت کہ کہ کراچی میں 4 بڑے نالوں کی صفائی فوری مکمل کریں، جہاں تجاوزات نہیں ہیں وہاں کے الیکٹرک فوری کیبلز ہٹائے، میونسپل کارپوریشن کی ورکشاپ سے فوری قبضہ ختم کرایا جائے۔