ملک بھر میں شب برات آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

لاہور(بولونیوز) گناہوں سے توبہ، مغفرت کی رات، شہر شہر شب برات منانے کی تیاریاں، مساجد میں خصوصی محافل کا اہتمام، ملک بھر میں آج شب برأت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ماہ شعبان کی پندرھویں رات، رحمتوں اور برکتوں والی رات آ گئی۔ اس رات کو لیلۃ المبارکۃ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمۃ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔ شب برأت کے اجتماعات میں مساجد میں خصوصی نوافل کی ادائیگی، اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش و مغفرت ،ایمان و سلامتی، رزق کی کشادگی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، فرزندان اسلام نفلی روزہ بھی رکھیں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شب برأ ت کے سلسلے میں شہر بھر میں مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دے کر پھول چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس مقدس رات میں اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔