وزیراعظم نے اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا افتتاح کردیا

اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے پہلے گرین فیلڈ ہوائی اڈے کا افتتاح کر دیا۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ، گورنرخیبر پختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا اورمشیرہوا بازی بھی شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جمعرات سے باقاعدہ آپریشنل ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیواسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح میرے لیے اعزازکی بات ہے، بے شمارچیلنجز میں حکومت کرنا آسان کام نہیں، حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا بہت آسان بات ہے،عملی طورپرکام کر کے دکھانا بہت مشکل کام ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا ملک میں ہزاروں کلو میٹر شاہراہیں بن رہی ہیں، 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی، گیس کی طلب و رسد کا فرق مٹایا۔ انہوں نے کہا وقت کے ساتھ چلنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہوتی ہے۔یاد رہے کہ چار ہزار ایکٹر سے زائد رقبے اور چار منزلوں پر مشتمل نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایک وقت میں 15 جہازوں کی بورڈنگ جبکہ ساڑھے چار ہزار سے زائد مسافروں کی گنجائش ہے۔ ائیرپورٹ پر 70 انٹرنیشنل، 42 امیگریشن اور 32 ڈومیسٹک چیک ان کاونٹرز، 2 رن وے، 6 ٹیکسی لنک اور تین ریپڈ ٹیکسی وے بنائے گئے ہیں۔