ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے آج لوگ انتہائی نفرت کرتے ہیں

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی اور سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف لاہور کا جلسہ ایک تاریخی اور یادگار جلسہ تھا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کے ہر طبقے کی پریشانیوں اور تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے گیارہ نکات پیش کرکے پورے پاکستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کا ایک پاکستان کا نعرہ آج ہر پاکستانی کے لبوں پر اور اس کے دل میں زندہ ہے۔ قوم کو ایک بنانے کے لیے ایک تعلیمی نظام ، ہیلتھ انشورنس ، ٹیکس وصولی کے نظام کی درستی ، سرمایہ کاری اور روزگار بڑھانے کی پالیسیاں ملک و قوم کو معاشی مسائل سے نکال کر ان کے آپس میں اتفاق و اتحاد کومضبوط کریں گی۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور خدا نے اسے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ بدعنوان اور کرپٹ لیڈر شپ کے جانے سے قوم کا سکون و اطمینان لوٹ آئے گا اور بے چینی ، افراتفری اور پریشانی کی فضا آہستہ آہستہ ختم ہونے لگے گی۔ چیئرمین عمران خان کا خون کے آخری قطرے تک عوام کے لیے لڑنے کا وعدہ ان کی عوام سے والہانہ وابستگی اور اخلاص کا ثبوت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکنان و عہدیداران پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ایک نیا پاکستان بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔ غریب کے لیے الگ اور امیر کے لیے الگ پاکستان کی پالیسی رکھنے والی سیاسی جماعتوں یعنی ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے آج لوگ انتہائی نفرت کرتے ہیں۔ سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام آج متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کا نام تک بھول جانا چاہتے ہیں۔ ایسے میں پاکستان تحریک انصاف وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پورے پاکستان بالخصوص کراچی کے عوام کی نمائندگی کرتی ہے اور عوام اسے دل و جان سے پسند کرتے ہیں۔