ریحان ہاشمی،قبرستانوں کا دورہ صفائی کے انتظامات پراظہارِ اطمینان

کراچی (بولونیوز ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے شبِ برأت کی آمد پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع وسطی میں قائم قبرستانوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے بلدیاتی عملے کی جانب سے کی جانے والی صفائی اور خودرو گھاس پھوس اور جھاڑیوں کی صفائی کی کام پر اطمینان کا اظہارکیا اس موقع پر انہوں یونین کمیٹی 43 لیاقت آباد نمبر2 میں قائم قبرستان میں موجود سلسلہ تاجیہ کے روحانی بزرگ سید امجد علی شاہ تاجی کے مزار پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے چیئرپرسن شاہین طاہر اور وائس چیئرمین آصف علی خان کے ہمراہ یونین کونسل ۴۳؍ کے رہائشی اور تجارتی مراکز کا بھی دورہ کیا ،صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور درستگی کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے عملے کو کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ شبِ برأت کے موقع کی مناسبت سے ضلع وسطی میں واقع مساجد ، امام بارگاہوں، دینی اجتماعات کے مراکز اور قبرستانوں کے اطرا ف اور راستوں پر صفائی کے بہتر انتظامات کے ساتھ را ت کے وقت روشنی کے اضافی انتظامات کئے جارہے ہیں۔جبکہ شبِ برأت کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی غرض سے جانے والے افراد کے لئے قبرستانوں کے قریب پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی۔ قبرستان آنے والوں میں بلدیہ وسطی کی جانب سے پھولوں کی پتیاں مفت تقسیم کی جائیں گی بلدیہ وسطی کے تحت قبرستانوں سے خودرو پودوں اور جھاڑیوں کی صفائی کا کام جاری ہے ۔