شہبازشریف زینب کے کیس میں اورنج ٹرین جیسی تیزی دکھائیں

قصور(بولونیوز) ریحام خان بھی ننھی زینب کے ورثا سے اظہار یکجہتی کیلئے قصور پہنچ گئیں جہاں انہوں نے زینب کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل ایک بھیانک واقعہ ہے، زینب کے لرزہ خیز قتل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، افسوسناک ہے ہمیں بارباربچوں کی لاشیں اٹھانا پڑیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریحام خان نے مزید کہا شہباز شریف نے جتنی رفتارسے اورنج ٹرین بنائی اتنی تیزی زینب کیس میں بھی دکھائیں، قصورمیں سرجیکل اسٹرائیک کریں اور ملزم کو فوری پکڑیں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو گورننس کا سب سے زیادہ تجربہ ہے، وزیراعلی پنجاب زینب کیس میں رول ماڈل رویہ دکھائیں۔ انہوں نے کہا 2015 میں بھی بچوں سے زیادتی کے واقعات سامنے آئے، 1990 میں بچوں سے متعلق قانون پاس کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا برطانیہ میں بیٹھے لوگوں کو اس واقعے پر یقین نہیں ہو رہا، واقعے سے والدین سبق سیکھیں۔ ریحام خان نے کہا سیاسی لیڈر یہاں جنازے کے لیے آئے، درخواست ہے سیاسی لیڈر بچیوں کے کانووکیشن میں بھی آئیں۔