ہمیں امداد بحالی کی ضرورت نہیں،قربانیوں کوتسلیم کیا جائے

راولپنڈی(بولونیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا کے سامنے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو امداد کی بحالی کی ضرورت نہیں ہے، ہماری قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکی کمانڈرسینٹ کام اورایک سینیٹر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور د ہشتگر دی کیخلاف پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کا امریکی کمانڈر سینٹ کام سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ خطے میں عالمی طاقتوں کے مقابلے میں پاکستان کو بے پناہ نقصان ہوا۔ ہمیں امریکی امداد کی بحالی کی ضرورت نہیں، پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کی جانے والی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔ امریکی صدر کے حالیہ بیانات کے بعد پاکستانی قوم میں تشویش ہے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکی امداد کے بغیرمخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے کیونکہ انسداد دہشتگردی کیلئے کوششیں ہمارے قومی مفاد میں ہیں۔واضح رہے کہ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغانیوں کی سرگرمیوں سے متعلق امریکی تحفظات سے آگاہ ہے۔ پاکستان ردالفساد کے ذریعے ایسی سرگرمیوں کیخلاف پہلے ہی مختلف کارروائیاں کر رہا ہے۔ اس حوالے سے پوری قوم کا مشترکہ ردعمل ہمارے احساسات کا عکاس ہے۔