سپریم کورٹ،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کردیا

اسلام آباد(بولونیوز) سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تحلیل کر دی۔عدالت عظمی نے نئی کونسل کی تشکیل تک ادارے کے معاملات چلانے کے لیے ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی۔ لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پی ایم ڈی سی کی اپیل مسترد کردی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پی ایم ڈی سی کی اپیل پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا آرڈیننس کے منسوخ ہو جانے کے بعد کونسل قانونی حیثیت کھو چکی ہے، ادارے میں ایڈہاک باڈی کی تشکیل کے لیے فریقین تجاویز دیں۔ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے تجویز پیش کی کہ سپریم کورٹ کے نامزد ممبر پی ایم ڈی سی جسٹس ریٹائرڈ شاکراللہ جان کو عبوری سیٹ اپ کا چیئرمین بنایا جائے اور ملک کے نامورجامعات کے سربراہان کو سیٹ اپ میں شامل کیا جائے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نجی میڈیکل کالجزکے وکیل بیرسٹرعلی ظفرنے گزشتہ روزدلائل میں موقف اختیارکیا کہ پی ایم ڈی سے متعلق آ رڈ ینینس2015 کابینہ اور مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر بنایا گیا، آرڈییننش کی معیاد ختم ہو جانے کے بعد پی ایم ڈی سی،اس کی پالیسیاں اور اقدامات غیر قانونی ہیں، دنیا بھر میں 26 لاکھ جبکہ پاکستان میں 5لاکھ ڈاکٹرز کی ضرورت ہے، نجی میڈیکل کالجزاچھے ڈاکٹرز پیدا کریں گے تو پاکستان کی دنیا بھر میں نیک نامی کا سبب بنیں گے۔واضح رہے عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ایڈہاک کمیٹی میڈیکل کالجز کی انسپکشن کمیٹی خود تشکیل دے گی۔ اٹارنی جنرل کونسل کا اسٹریکچر ترتیب دیں، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔