استنبول ترکی: اسلامی طرز تعمیر کا حسین شاہکار، تاریخی سلطان احمد مسجد المعروف بلیومسجد

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) استنبول کے قلب میں‌ واقع سلطان احمد مسجد عرف عام میں بلیو مسجد کے نام سے مشہور ہے- یہ مسجد صدفکر محمد آغا نے سلطان احمد کے حکم پر تعمیر کی- اس کی تعمیر 1609 میں شروع ہو کر 1617 میں‌ پایہ تکمیل کو پہنچی- یہ مسجد چار انتہائی کشادہ ستونوں پر تعمیر کی گئی ہے، اس مسجد کے اندر 260 کھڑکیاں ہیں جو اسے روشن رکھنے کے لئے کافی ہیں- مسجد کے اندر ویسے تو ہر رنگ کے ٹائلز آویزاں کئے گئے ہیں لیکن ان میں‌نیلے اور سبز ٹائلز کی آراستگی نمایاں ہے- جس کی وجہ سے یہ مسجد نیلگوں مسجد Blue Mosque کے نام سے دنیا بھر میں‌ مشہور ہے- سلطان احمد مسجد کے چھ مینار ہیں- چاروں کارنر کے میناروں میں تین بالکونیاں بھی تعمیر کی گئی ہیں، جبکہ چھوٹے میناروں میں دو بالکونیاں ہیں جو صحن کی طرف کھلتی ہیں- چھ میناروں والی سلطان احمد مسجد سے قبل صرف مکۃ المکرمۃ میں حرم ہی واحد مسجد تھی جس میں چھ مینار تھے- جیسے ہی احمد اول نے چھ میناروں والی مسجد تعمیر کروائی جو اس کے نام سے موسوم ہوئی اس کے بعد مسجد حرام میں ایک اور مینار کا اضافہ کیا گیا-