گریڈ 1 سے 22 تک کے 3193 سرکاری ملازمین کی خفیہ غیر ملکی شادیاں منظر عام پر

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) گریڈ 1 سے 22 تک کے 3193 سرکاری ملازمین کی خفیہ غیر ملکی شادیاں منظر عام پر آگئیں- گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے بیشتر سرکاری ملازمین غیر ملکی خواتین کے شوہر نکلے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی غیر ملکی خواتین سے شادی کی تفصیلات سینٹ میں پیش کردی گئی ہیں۔ سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ گریڈ 1 سے 22 تک کے 10 ہزار سے زائد ایسے ملازمین ہیں جن کی بیویاں غیر ملکی ہیں۔سرکاری ملازمین کی ازدواجی حیثیت سے متعلق جمع کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق گریڈ 1 کے 39 ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادی کر رکھی ہے، سب سے زیادہ گریڈ 5 کے 662 ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادی کی ہوئی ہے۔ سینیٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق گریڈ 22 کا صرف ایک ملازم ہے جو ایک غیر ملکی خاتون کا شوہر ہے، گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک 3193 سرکاری ملازمین جبکہ گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک 3127 سرکاری ملازمین غیرملکی خواتین کے شوہر ہیں۔ اسی طرح گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک 68 سرکاری ملازمین کی غیر ملکی خواتین سے شادی ہوئی ہے۔ گریڈ 21 کے 3 افسر، گریڈ 20 کے 3 افسر اور گریڈ 19 کے 11 افسروں نے غیر ملکی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں جبکہ گریڈ 18 کے 18 اور گریڈ 17 کے 25 افسروں نے بھی غیر ملکی خواتین سے شادیاں کررکھی ہیں۔ سینٹ نے غیر ملکی خواتین سے شادی کرنے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے ناموں سمیت تفصیلات طلب کرلیں اور سوال آئندہ اجلاس کے لئے مو خر کردیا ہے۔