مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے تحریک انصاف پر یلغار کردی

اسلام آباد(بولو نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے تحریک انصاف پر یلغار کردی ، کہتے ہیں عمران خان نے ایک بار پھر یوٹرن لے لیا ، پہلے کہا گیا کمیشن بنائیں- اب کہتے ہیں کمیشن بنا تو بائیکاٹ کردیں گے ، وہ جانتے ہیں کمیشن بنتا تو ان کو لینے کے دینے پڑجاتے ۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیگی رہنما آج پیشی کے موقع پر فل چارج نظر آئے اور پے درپے پی ٹی آئی پر وار کرتے رہے ۔ یوٹرن کا طعنہ دیتے رہے ۔ طلال چودھری بھڑک اٹھے ، کمیشن نہ بنے تو لاک ڈاؤن ، بنے تو بائیکاٹ ، کیا ، عمران خان لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں ، ایسے وزیر اعظم نہیں بنا جاتا ۔ انوشہ رحمان بولیں عوام ہو یا پارلیمنٹ عمران خان کسی کو نہیں مانتے ہیں ، وہ شارٹ کٹ سے شیروانی پہن کر وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں ۔ محسن شاہ نواز رانجھا کے نزدیک عمران خان نے پھر یوٹرن لے لیا ۔ بیرسٹر ظفراللہ کہتے ہیں ، سات ماہ تک کمیشن کی پکار اور اب انکار یہ کیسا عمرانی قانون ہے ۔ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر سرتسلیم خم کرتے ہیں ، لیکن تحریک انصاف ہی بھاگ گئی ۔