طیارے کا حادثہ پوری قوم کو غمزدہ کرگیا،ہر آنکھ اشک بارہے

منڈی بہاؤالدین(بولو نیوز) ہر چہرہ سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ طیارے کا حادثہ پوری قوم کو غم دے گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین بھی دکھ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سمندری کا 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی عامر شوکت چترال میں ویلڈنگ کا کام کرنے گیا تھا۔ واپسی پر استاد نے طیارے کا ٹکٹ لے دیا لیکن عامر کا پہلا فضائی سفر ہی آخری ثابت ہوا۔ ڈیرہ غازی خان کا رہائشی اے ایس ایف اہلکار سمیع اللہ بھی دو روز پہلے ڈیوٹی پر گیا لیکن لوٹ نہ سکا۔ خبر ملتے ہی اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اے ایس ایف اہلکار احسن غفار کے گھر میں بھی صف ماتم بچھی ہے۔ کنسٹرکشن کا کام کرنے والا فیصل آباد کا خالد مسعود بھی حادثے کا شکار ہو کر ملک عدم جا بسا۔ منڈی بہاؤالدین کا 22 سالہ تیمور ارشد بہن بھائیوں سے ملنے گھر جا رہا تھا لیکن ہمیشہ کے لئے بچھڑ گیا۔ کالا باغ کے بزنس مین اختر محمود اور شکر گڑھ کے رہائشی بینک آفیسر عتیق جنجوعہ بھی المناک حادثے میں دنیا چھوڑ گئے۔