ایم ڈی پی آئی اے کو برطرف کیا جائے،خورشید شاہ

اسلام آباد(بولو نیوز)ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کے بعد اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ایم ڈی پی آئی اے کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا، ساتھ ہی ساتھ حکومت کے جانے کی پیش گوئی بھی کر دی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایم ڈی پی آئی اے کو برطرف کیا جائے، ایم ڈی 70 لاکھ تنخواہ لیتا ہے جبکہ اے ٹی آر جہاز مالی نقصان دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ہیں لیکن حکومت خود جانے کے موڈ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتے، ہم نے پارلیمنٹ کو بچایا ہے، وزیر اعظم کو نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنی نالائقیوں سے جائے گی، یہ خود گو نواز گو کے حالات پیدا کر رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سی پیک کا سہرا آصف علی زرداری کے سر ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے گوادر پورٹ کا انتظام سنگاپور سے لے کر چین کو دیا۔