چیف جسٹس آف پاکستان مقرر،انور ظہیرجمالی تیس دسمبر کو ریٹائرہوجائیں گے

اسلام آباد(بولو نیوز)ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جسٹس ثاقب نثار نئے چیف جسٹس آف پاکستان مقرر ہوگئے، موجودہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی تیس دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، نئے چیف جسٹس 31 دسمبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سول، ٹیکس اور آئینی معاملات کے ماہر جج جسٹس ثاقب نثار 18 جنوری 1954 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ پنجاب یونیوروسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور پریکٹس کا آغاز کیا ۔ 1991 میں لاہور ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ 1997 میں بطور سیکرٹری قانون ذمہ داریاں سنبھالیں- واضح رہے کہ جسٹس ثاقب نثار 22 مئی 1998 کو لاہور ہائی کورٹ جبکہ 18 فروری 2010 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے ۔ وزیر اعظم کو مالی اور قانونی معاملات کی کابینہ سے لازمی منظوری لینے کا فیصلہ بھی جسٹس ثاقب نثار نے دیا تھا۔ جسٹس ثاقب نثار آئینی ترامیم پر فیصلہ دینے والے بنچ کا بھی حصہ تھے ۔ جسٹس ثاقب نثار، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد 31 دسمبر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ دو سال اور18 دن عہدے پر فائز رہنے کے بعد 17 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوں گے۔