اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہر طرف احتجاج ہوگا،بلاول بھٹو

لاہور(بولو نیوز)ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی صرف پیپلز پارٹی ہی لاسکتی ہے ، لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ 2017 میں انتخابات ہوتے دیکھ رہا ہوں جس میں پیپلز پارٹی صوبوں سمیت وفاق میں بھی حکومت بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے اور ہم جمہوریت کے ذریعے سب کا احتساب کریں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری جانب سے سڑکوں پر آنے کو محض دھمکی نہ سمجھا جائے اگر حکومت نے ہمارے 4 مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہر طرف احتجاج ہوگا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف ہماری حکمت عملی کامیابی سے جاری ہے ، ہم نے جمہوریت کی خاطر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کی جو آج بھی جاری ہے ۔ مستقبل میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر اتحاد بنائوں گا اور ہم سب مل کر ملک میں جمہوریت کی بقا اور استحکام کی خاطر کام کریں گے ۔